Date happened
30th Dec, 2020

خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سنٹر فار انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اشتراک سے پانچ سو نوجوانوں نے ’ای کامرس‘ کی تربیت مکمل کر لی۔

خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے نوجوانوں کے لئے کئی منصوبے شروع کئے ہیں، ضیاء اللہ بنگش

مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کا کہنا ہے صوبائی حکومت نے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے جدید تربیت فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، ٹیکنالوجی کے سفر اور اس شعبے میں تیزترین ترقی نوجوانوں ہی کی بدولت ممکن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے صوبے کے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت یافتہ اور باہنر بنانے کے لئے کئی منصوبے شروع کئے ہیں جن کے بدولت نوجوان باعزت روزگار اختیار کرچکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ضیاء اللہ بنگش نے خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سنٹر فارانفارمیشن ٹیکنالوجی کے باہمی اشتراک سے ’ای کامرس‘ سرٹیفیکٹ کورس کے اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

اس کورس میں خیبرپختونخوا کے پانچ سو(500) نوجوانوں کو ’ای کامرس‘کے حوالے سے آن لائن تربیت دی گئی ہے۔

تقریب میں مہمان خصوصی مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کے علاوہ منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر صاحبزادہ علی محمود، ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ عاصم جمشید، ڈائریکٹر مارکیٹنگ محمد منیم، یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے پراجیکٹ منیجر شعیب یوسفزئی جبکہ سنٹر فار انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سی ای او عمار جعفری اور ان کے ٹیم کے دوسرے ممبران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ دو مہینوں پر محیط اس تربیتی پروگرام کے لئے ملک بھر سے قابل اور تجربہ کار اساتذہ کا انتخاب کیا گیا تھا جنہوں نے آن لائن کلاسز کے ذریعے نوجوانوں کو تربیت دی۔تقریب کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ تمام افراد نے کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کرلیا ہے۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلی کے مشیر ضیاء اللہ بنگش کا سنٹر فار انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی ٹی بورڈ اور سنٹر فار انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مابین اس قسم کی شراکت جاری رہے گی اور کوشش کی جائے گی کہ اس پروگرام سے صوبے کے آئی ٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے باقی نوجوان بھی مستفید ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس میں تربیت حاصل کرکے نوجوان وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کو تکمیل تک پہنچاسکتے ہیں۔ ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ رواں دور اور مستقبل ٹیکنالوجی کا ہے اور اس میں مہارت حاصل کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام، ڈیجیٹل جابزان خیبرپختونخوا اور درشل سنٹرز میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کیا جارہاہے۔ پروگرام کے اختتام پر انہوں نے کامیابی کے ساتھ سرٹیفیکٹ کورس مکمل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد ی اور سنٹر فار انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ مستقبل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔