خیبر پختونخواہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے ریڈیو سے وابستہ صحافیوں کے لیے سائبر سکیورٹی پر تربیتی ورکشاپ
پشاور: خیبر پختونخواہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے گزشتہ روز ریڈیو براڈکاسٹرز فورم خیبرپختونخوا کے اراکین کے لیے سائبر سکیورٹی اور فیک نیوز کی نشاندہی کے حوالے سے ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ آئی ٹی بورڈ کے سائبر ایمرجنسی رسپانس سنٹر میں منعقدہ اس تربیتی پروگرم میں ریڈیو جرنلزم سے وابستہ صحافیوں، ریڈیو پریزنٹرز اور پروڈسرزنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تربیتی پروگرام کے دوران خیبرپختونخوا سائبر ایمرجنسی رسپانس سنٹر کے چیف رفیع الشان نے شرکاء کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف موضوعات کے حوالے سے تربیت دی۔ انہوں سائبرسیکورٹی، انٹرنیٹ کے استعمال، ای میل اور مبائل کے استعمال کے دوران خطرات اور حفاظتی تدابیرکے بارے میں شرکاء کو آگاہی دی۔ ورکشاپ کے دوران فیک نیوز یا جھوٹی خبر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر رفیع الشان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ سوشل میڈیا پر شائع یا گردش کرنے والے خبروں کی مکمل جانچ کریں۔ انہوں نے ورکشاپ کے شرکاء کو مثالوں کے ذریعے جھوٹی خبروں کے نقصانات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر رفیع الشان نے صحافیوں کو مختلف سافٹ وئیر اور آن لائن پلیٹ فارم کے بارے میں بھی تفصیلات بتائی جن کی بدولت تصاویر اور خبروں کی جانچ کی جاسکتی ہے۔
تربیتی پروگرام کے اختتام پر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈاریکٹرمارکیٹنگ محمد منیم نے ریڈیو براڈکاسٹر فورم کے ممبران میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔انہوں نے مستقبل میں بھی صحافیوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد میں تربیت اور آگاہی کے لئے اس قسم کے پروگرام منعقد کرنے کا عندیہ دیا۔اس موقع پر خیبرپختونخوا ریڈیو براڈکاسٹرز فورم کے’کو فاؤنڈر‘ خائستہ رحمان نے آئی ٹی بورڈ کے عہدہ داروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صحافت سے وابستہ افراد کی استعداد بڑھانے کے لئے مزید تعاون کرے گا۔