وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں ہے، اس شعبے کو ترقی دینے کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ ایک ایسے صوبے کا وزیراعلی ہے جو وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی قردار ادا کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ ڈیجٹیل خیبرپختونخوا 2020 لوگو (LOGO)کی رونمائی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش، معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش، منیجنگ ڈاریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان اور دوسرے عہدہ دار بھی موجود تھے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے ڈیجٹیل خیبرپختونخوا 2020 لوگو کی رونمائی اور روان سال کو صوبہ بھر میں ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے سال کے طور پر منانے کا اعلان بھی کیا۔
تقریب کے دوران خطاب میں وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا آئی ٹی کے سیکٹر کو مزید ترقی دینے کی غرض سے ہم نے سال 2020 کو صوبہ بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی سلسلے میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا خوبصورت لوگو جاری کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگو (LOGO) اور اس کے پیچھے ویژن سرمایہ کاروں، آئی ٹی سیکٹر ایکسپرٹس اور صنعت کاروں کو خیبرپختونخوا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف راغب کرنے کا سبب بنے گا۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ جس طرح خیبرپختونخوا حکومت نے ملک کی پہلی ڈیجیٹل پالیسی بنانے میں پہل کی ہے اسی طرح ان کی کوشش ہے کہ سال 2020 کو تیزترین ترقی کا سال بنائیں۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا جس طرح کرکٹ میں T-20 کو تیزترین فارمیٹ سمجھا جاتا ہے اسی طرح سال 2020 کو بھی دنیا بھر میں اس لحاظ سے یاد کیا جائے گا کہ اس سال خیبرپختونخوا نے آئی ٹی کے میدان میں تیزترین کھیل کا مظاہرہ کر کے اس شعبے کو ترقی دی ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے 2020 کو صوبے میں آئی ٹی کی بدولت ٹرانسپرنسی، شہریوں کے لئے سہولیات اور خدمات کو سہل بنانے اور نوجوانوں کے لئے اس شعبے میں روزگار کے مواقع پیداکرنے کا سال قرار دیا۔
نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا صوبے کے سات سو (700) سے زائد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ملک کی پہلے بی پی او ریڈی فیسیلٹی (BPO) کا آغاز ہوچکا ہے، انتہائی قلیل وقت میں بین الاقوامی طرز پر جدید سہولیات سے آراستہ پاکستان کے پہلے حکومتی سرپرستی میں قائم بزنس پراسیس آوٹ سورسنگ ریڈی فیسیلٹی (Business Process Outsourcing Ready Facility) کے قیام سے خیبرپختونخوا میں ناصرف بے تحاشہ روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ ملکی و بین الاقوامی BPO Operators کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ اس سیکٹر میں محفوظ سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش اور آئی ٹی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شہباز خان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جاری آئی ٹی منصوبوں کو ترجیحاتی بنیادوں پر جلد مکمل کریں کیونکہ یہی وہ شعبہ ہے جس میں ترقی پاکر ہم دنیا کا ہرمیدان میں مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن منصوبے کی تکمیل کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو ترقی کے فاسٹ ٹریک پر ڈالنے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جدت اور ترقی ضروری ہے۔